خیبر پختونخوا حکومت نے ڈپٹی کمشنر کُرم جاوید اللّٰہ محسود پر حملے کے ذمے داروں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس میں چیف سیکرٹیری، آئی جی خیبر پختونخوا اور دیگر حکام شریک ہوئے، اجلاس میں بگن واقعہ کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران بگن میں ڈپٹی کمشنر کُرم اور سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ امن معاہدے کے بعد علاقہ مکین معاہدے کی خلاف ورزی کے ذمہ دار ہیں۔
فائرنگ کے واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے حوالے کیا جائے گا، تمام ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آردرج کرکے فوری گرفتار کیا جائے، دہشت گردوں کے سروں کی قیمت مقرر کرکے اُن کا قلع قمع کیا جائے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کسی دہشت گرد سے رعایت نہ اُن کی معاونت کرنے والوں کو چھوڑا جائے گا۔