دادو کے علاقے میہڑ میں 8 سال کے بچے مظفر لاشاری پر رائس مل کے چوکیدار کے تشدد کی ویڈیو جیو نیوز کو موصول ہو گئی۔
پولیس کے مطابق تشدد کرنے والے رائس مل کے چوکیدار کو گرفتار کر لیا ہے، جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔
بچے کے والد شوکت لاشاری کا کہنا ہے کہ جرگہ رات دیر سے پولیس افسر صدا حسین کی سربراہی میں ہوا۔
جرگے میں محمد علی لاشاری، ایڈووکیٹ لیاقت ڈیپر اور رائس مل کے عملے نے شرکت کی۔
ایڈووکیٹ لیاقت ڈیپر کا کہنا ہے کہ جرگے نے فریقین کے مؤقف سننے کے بعد چوکیدار احمد نواز پر 50 ہزار جرمانہ عائد کیا، ملزم احمد نواز کے ورثاء کی جانب سے 25 ہزار روپے بچے کے والد کو ادا کر دیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ باقی 25 ہزار روپے ملزم کے ورثاء کی اپیل پر بچے کے والد نے معاف کر دیے، ملزم احمد نواز نے عدالت میں پیش ہو کر ضمانت حاصل کر لی ہے۔
واضح رہے کہ درخت سے کھجور اتارنے پر چوکیدار نے بچے کو زنجیروں سے باندھ کر تشدد کیا تھا۔