وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین سے تعاون کے معاہدوں پر عملدرآمد میں تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا، جس میں دورہ چین میں معاہدوں پر پیشرفت اور پاک چین تعاون کا جائزہ لیا گیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی، پاکستان میں چینی صنعت کی منتقلی سے روزگار کے مواقع اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔
وزیراعظم نے پاکستانی کمپنیوں کے چینی کمپنیوں سے اشتراک میں سہولت کی ہدایت کی۔
اجلاس میں پاکستان میں چینی صنعتوں کی منتقلی کیلئے جامع روڈ میپ پیش کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق ٹیکسٹائل، طبی، جراحی آلات، پلاسٹک، چمڑے کی صنعت پاکستان منتقلی کیلئے چینی کمپنیوں سےاشتراک ہوگا، 78 پاکستانی کمپنیوں نے چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی کیلئے اشتراک میں دلچسپی کا اظہار کیا۔