• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حق خود ارادیت کی حمایت کرتے ہیں، کوشش کے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل نکالا جاسکے، اینڈریوگوئن، ناز شاہ

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل) جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداران اور برطانوی ممبران پارلیمنٹ کی جانب سے 13جولائی1931 کے شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے برطانیہ کے مختلف شہروں میں تحریکی عہدیداروں کی نو منتخب برطانوی ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتیں۔ ممبر برطانوی پارلیمنٹ اینڈریو گوئن اور ناز شاہ کی جانب سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی مکمل حمایت کا اعلان، دنوں رہنماؤں نے تحریکی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 13جولائی1931کا دن تاریخ کا سیاہ دن ہے جس دن نہتے کشمیریوں کو بھارت کی جانب سے شہید کر دیا گیا۔ اینڈریو گوئن نے کہا تاحال اس خطہ میں مشکلات ہیں اور اس خطہ میں خطرات موجودہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کوشش کریں گے مسئلہ کشمیر کا پر امن حل نکالا جا سکے تا کہ کشمیریوں کو بھی انسانی حقوق میسر آ سکیں اور وہ بھی خوشحال اور پرامن زندگی بسر کر سکیں۔ تحریک حق خود ارادیت کے زیر اہتمام برطانیہ کے انتخابات کے بعد مختلف شہروں میں تقریبات منعقد کرنے کا باقاعدہ آغاز کیا گیا ہے۔ بڑی تقریبات مانچسٹر، ہاوس آف کامنز لندن، برمنگھم اور بریڈ فورڈ میں منعقد کی جائیں گی۔ 13جولائی 2024سے شروع ہونے والی یہ تقریبات 15اگست 2024تک برطانیہ کے مختلف شہروں میں جاری رہیں گی اور سفارتی محاذ پر تحریک آزادیٔ کشمیر کو منظم کرنے کیلئے تحریکی عہدیدار، نو منتخب ممبران برطانوی پارلیمنٹ، وزراء اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے علاوہ مختلف یونیورسٹیز، کالجز، تھنک ٹینکس اور ٹریڈ یونینز کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے اور سب کی حمایت حاصل کرکے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیخلاف اپنی آواز بلند کریں گے۔ حالیہ برطانوی عام انتخابات کے دوران تحریکی عہدیداروں نے جہاں پچاس سے زائد برطانوی ممبران پارلیمنٹ کے حلقوں میں جا کر کشمیر دوست اُمیدواروں کی حمایت کر کے انہیں جہاں الیکشن میں بھرپور معاونت کی وہاں مختلف سیاسی جماعتوں میں متحرک کشمیری و پاکستانی کمیونٹی کیساتھ مل کر کشمیر دوست ممبران پارلیمنٹ کے مسئلہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، مسئلہ کشمیر کی سنگینی، مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے بارے میں بریفنگ بھی دی اور انہیں اپنا ہمنوا بنانے کیلئے بھرپور کوششیں کیں۔ اس سلسلہ میں تحریکی عہدیداروں نے بریڈ فورڈ سے برطانوی پارلیمنٹ کے نو منتخب ممبران ناز شاہ، عمران حسین، مانچسٹر سے ممبر برطانوی پارلیمنٹ افضل خان، مانچسٹر سے ممبر پارلیمنٹ جیف سمتھ، کونر رینڈ، ایندریو گوئن، آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ کی چیئر پرسن ڈیبی ابراھمز، آل پارٹیز پاکستان پارلیمنٹری گروپ کی چیئر پرسن بیرسٹر یاسمین قریشی، سٹوک کے تینوں ممبران پارلیمنٹ، شیفیلڈ کی پہلی یمنی ممبر پارلیمنٹ، ابتسام محمد اور کمیونٹی کے تمام رہنماؤں سے ملاقاتیں کرکے جہاں مستقبل کے پروگراموں کو حتمی شکل دی وہیں اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ برطانیہ میں بسنے والے کشمیری مقبوضہ کشمیر کے عوام کا کیس، کشمیری اسیران کا کیس، حریت پسندوں پر ہونے والے بھارتی مظالم اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے خواتین، بچوں، بوڑھوں اور نوجوانوں پر ہونے والے بد ترین تشدد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالہ سے ممبران برطانوی پارلیمنٹ کو ماضی میں بھی بریفنگ دیتے چلے آ رہے ہیں اور مستقبل میں بھی ممبران برطانوی پارلیمنٹ کی حمایت سے مسئلہ کشمیر کو برطانوی پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اُٹھاتے رہیں گے۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین، ستارہ پاکستان نے کہا کہ ہماری ٹیم کے عہدیداران نے برطانوی نائب وزیر اعظم انجیلا رائنر، چانسلر ریچل ریوز، مختلف وزراء، شیڈو جسٹس سیکرٹری شبانہ محمود، مختلف شہروں سے منتخب ہونے والے برطانوی ممبران پارلیمنٹ جنہوں نے وزارتیں حاصل کرلی ہیں ان کے ساتھ رابطوں کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا ہے اور انہیں جہاں مبارک باد کے پیغامات دیئے ہیں، وہیں انہیں کشمیریوں کی حمایت کیلئے نئی حکومت، نئے وزیر اعظم اور نئے وزیر خارجہ سے مسئلہ کشمیر کیلئے آواز بلند کرنے کیلئے خصوصی اپیل بھی کی ہے۔ اس سلسلہ میں آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ کی چیئرپرسن ڈیبی ابراھمز نے خصوصی طور پر تحریکی رہنماؤں سے وعدہ کیا ہے کہ وہ بہت جلد کشمیر کے حوالہ سے برطانوی وزارت خارجہ کی ٹیم سے ملاقات کریں گی اور کشمیریوں کا نقطہ ء نظر آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ کی سرگرمیوں اور مقبوضہ کشمیر کے تازہ ترین حالات سے انہیں آگاہ کریں گی۔ اس موقع پر تحریکی عہدیداروں نے شیفیلڈ، بریڈ فورڈ اور آلٹرچم میں ممبران پارلیمنٹ کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جانب سے اور اپنی جانب سے اس بات پر بھی آمادہ کیا کہ وہ ریاست جموں وکشمیر کے تازہ ترین حالات کے حوالہ سے آزادجموں وکشمیر، مقبوضہ کشمیر، پاکستان اور ہندوستان کا دورہ کریں اور بیرون ممالک بسنے والے خصوصا برطانیہ میں بسنے والے کشمیریوں کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے میں بھی ہماری معاونت کریں۔ اس موقع پر تحریک کے سرپرست اعلی سردار عبدالرحمان خان، چیئرپرسن انٹرنیشنل لابی آن کشمیر کونسلر یاسمین دار، تحریک کی برطانیہ کی چیئر پرسن کونسلر نائلہ شریف، تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمداعظم، تحریک کے چیئرمین یوتھ ذیشان عارف، تحریک کے برطانیہ کے جنرل سیکرٹری جاوید طارق و دیگر شامل تھے۔

یورپ سے سے مزید