کراچی میں موسم آج بھی شدید گرم، صبح سے پہلے ہی گرمی کی شدت 40 ڈگری جیسی محسوس کی جانے لگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد کا کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔
کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 79فیصد ہے، اس وقت سمندری ہوائیں بند، شمال مغرب سے15کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں تاہم آج دوپہر سمندری ہوائیں بحال ہونے اور شام یا رات میں کہیں کہیں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ملک بھر کے موسم کی صورتحال دیکھی جائے تو مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگئیں، بھمبر اور سماہنی سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، لاہور، گجرات، فیصل آباد سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
کوئٹہ اور بلوچستان کے شمالی اضلاع میں مطلع ابر آلود ہے، صوبے کے اکثر علاقوں میں آج موسم گرم اور شدید حبس رہنےکاامکان ہے۔