• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جو جج جان بوجھ کر غلط فیصلہ کرتاہے اس پر اللہ کا قہر نازل ہو، جسٹس طارق جہانگیری

تصویر جیو نیوز اسکرین گریب
تصویر جیو نیوز اسکرین گریب

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا ہے کہ میں روز قرآن پاک اور درود شریف پڑھ کر عدالت میں بیٹھتا ہوں، جو جج جان بوجھ کر غلط فیصلہ کرتاہے اس پر اللہ کا قہر نازل ہو۔

اسلام آباد ہائیکورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ وکلا اچھی معاونت کریں تو ججز کو بھی فیصلہ کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ جج بھی ایک انسان ہے، وکیل اگر تیاری کے ساتھ پیش ہو تو خوشی ہوتی ہے، ہم ہر فیصلہ یہ سوچ کر لکھتے ہیں کہ یہ ہمارا ایگزامنیشن پیپر ہے، ہمارا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج ہوتا ہے۔

 جسٹس طارق جہانگیری نے کہا کہ 8 فروری2021ء کے واقعہ کی وجہ سے بار اور بینچ میں کافی خلا آگیا تھا، وکلا کو اپنےکیسز کی پیروی کے لیے مکمل تیاری کے ساتھ آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ججز کو نوجوان وکلا کی اپنے بچوں کی طرح اصلاح کرنی چاہیے، ایک نیا ٹرینڈ تھا کہ ملک بھر میں پرچے ہو جاتے تھے، میں نے فیصلہ دیا کہ ایک وقوعہ پر متعدد ایف آئی آرز درج نہیں ہوسکتیں۔

جسٹس طارق جہانگیری نے کہا کہ ہم نے آئین اور قانون کی پاسداری کا حلف اٹھا رکھا ہے، جو جج جان بوجھ کر غلط فیصلہ کرتا ہے اس پر اللّٰہ کا قہر نازل ہو، ہم عدلیہ کی کرسی پر بیٹھے ہیں لیکن سب سے بڑی عدالت اللّٰہ کی عدالت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج تک کبھی کسی عہدے کے لیے سفارش نہیں کروائی، چیلنج کرتا ہوں آج تک کسی کی کوئی سفارش نہیں کی۔

قومی خبریں سے مزید