• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لگتا ہے میئر کراچی کی سیٹنگ اپ سیٹ ہونے والی ہے: فاروق ستار

فاروق ستار— فائل فوٹو
فاروق ستار— فائل فوٹو

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ  2023ء میں بلدیاتی انتخابات سے پہلے میئر کراچی ایڈمنسٹریٹر تھے، لگتا ہے میئر کراچی کی سیٹنگ اپ سیٹ ہونے والی ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے ہزاروں ریٹائرڈ ملازمین کو پینشن اور دیگر واجبات نہیں ملے، 10 ہزار سے زائد ریٹائرڈ ملازمین ایک دہائی سے واجبات سے محروم ہیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ میں درخواست کے ایم سی ملازمین کی طرف سے دائر کی گئی تھی، یہ پٹیشن ایم کیو ایم پاکستان کی حمایت سے دائر کی گئی تھی۔

انہوں نے کہا ہے کہ یہ میئر کی کارکردگی پر بھی سوال ہے، پینشن اورفنڈز خیرات نہیں، ریٹائرمنٹ کے بعد پینشن اور دیگر واجبات ملازمین کو فوری ملنے چاہئیں۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ 15 ستمبر کو سندھ ہائی کورٹ نے پٹیشن پر فیصلہ دیا، فیصلے میں کوئی ابہام نہیں، ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد سندھ حکومت کی چالاکی نہیں چل سکتی، ہائی کورٹ کا فیصلہ میئر کراچی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ عدالت نے 2 ماہ میں کے ایم سی کے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کا فیصلہ دیا ہے، عدالت نے چیف سیکریٹری سندھ کو واجبات کی ادائیگی کی نگرانی کا کہا ہے۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ کے ایم سی کی نااہلی کو ثابت کرتا ہے، عدالتی فیصلے کے بعد ہر حال میں کے ایم سی کے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات ادا کرنے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے نام پر مٹھی بھر لوگوں کو جمع کیا ہے، نوٹ اور ووٹ لینا ہوتا ہے تو مائی کراچی یاد آ جاتا ہے، سندھ کے تمام اضلاع میں انتظامی یونٹ بننے چاہئیں، سندھ حکومت نے لوٹ مار اور کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید