• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اولمپکس جیسے کھیلوں کے بڑے مقابلے دنیا کو اکٹھا کرنے میں مدد دیتے ہیں، رانا ثنا اللّٰہ

پیرس (رضا چوہدری) وزیراعظم پاکستان کے ایڈوائزر برائے سیاسی امور اور عوامی تعلقات رانا ثناء اللہ خان جو پیرس اولمپکس 2024کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے فرانس میں ہیں، نے یونیسکو کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا ،انہوں نے ’’چینج دی گیم‘‘ وزارتی فورم میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ رانا ثنا اللہ نے پائیدار سماجی وراثت کیلئے معیاری جسمانی تعلیم اور کھیلوں سے فائدہ اٹھانے پر مرکوز بحث میں حصہ لیا، رانا ثنا اللہ نے 2024 کے پیرس اولمپک کھیلوں کے انعقاد کیلئے یونیسکو کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اولمپکس جیسے میگا اسپورٹس ایونٹس پوری دنیا کو صحت مند مقابلے میں اکٹھا کرنے میں متحد قوت کے طور پر کام کرتے ہیں، جہاں ہم سب فاتح ہیں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان 240ملین آبادی کا ملک ہے اور آبادی کا دو تہائی حصہ 24سال سے کم عمر پر مشتمل ہے جس سے پاکستان دنیا کے نوجوان ترین ملک میں شامل ہے اس کو مدنظر رکھتے ہوئے، وزیراعظم پاکستان نے نوجوانوں کو مشغول کرنے، تعلیم دینے اور بااختیار بنانے کیلئے خصوصی اقدام کا آغاز کیا ہے جس کا نام ’’وزیر اعظم یوتھ پروگرام‘‘ ہے۔ انہوں نے سب کو آگاہ کیا کہ اس پروگرام کے تحت پاکستان بھر میں 12مختلف کھیلوں کیلئے’’یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام‘‘ کا انعقاد کیا گیا تاکہ مستقبل کے کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا جا سکے اور ایسی سماجی اقدار کو فروغ دیا جا سکے جو ان کیلئے اثاثہ ہوں کھیلوں کے اندر میرٹ کو فروغ دینے کیلئے’’کھیلوں کی بحالی‘‘ کے موضوع پر قومی کانفرنس کا بھی انعقاد کیا گیا ہے۔ اس بات کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو ان کی صلاحیتوں اور محنت کی بنیاد پر منتخب کیا جائے، انہیں تربیت اور ترقی دی جائے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جسمانی تعلیم اور کھیل افراد کے ساتھ ساتھ معاشروں کیلئے لچک اور مہارت پیدا کرنے کا راستہ فراہم کرتے ہیں جیسا کہ قیادت، مواصلات، ٹیم کی تعمیر اور تنقیدی سوچ۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نظم و ضبط کی تعلیم، سرحدوں کے پار دوستی اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں مثبت کردار ادا کرتے ہیں۔ ثقافتی تنوع کا جشن منانا اور نوجوانوں کی جسمانی اور ذہنی صحت کو بڑھانا، سماجی وراثت، شمولیت کا فروغ، کمیونٹی کی تعمیر، رضاکارانہ اور جسمانی سرگرمیاں، کھیلوں کی ضمنی پیداوار ہیں جو ہمارے معاشروں میں بہتری کو یقینی بناتے ہیں۔ اس میدان میں یونیسکو کا مرکزی کردار ہے اور وہ جسمانی تعلیم اور کھیلوں سے متعلق صلاحیتوں میں اضافے کے پروگراموں کے ذریعے رکن ممالک کی مدد کر سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم سب کو امن اور ترقی کیلئے کھیلوں پر مرکوز بین الاقوامی کوششوں کی حمایت اور اپنی آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی تعمیر کرنے کی ضرورت ہے۔ فرانس میں پاکستان کے سفیر اور یونیسکو کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

یورپ سے سے مزید