• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیری امریکی صدارتی انتخابات میں مسئلہ کشمیر پرلابنگ کریں، راجہ اسلم

لوٹن ( نمائندہ جنگ) کنزرویٹو پارٹی کے لوٹن کونسل میں اپوزیشن لیڈر کونسلر راجہ محمد اسلم خان نے ایک میڈیا بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدارتی انتخابات میں امیدواروں کی مہم کے دوران مسئلہ کشمیر پر بھی بھرپور لابنگ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی کشمیری عوام کی مقامی جدوجہد 70سال سے جاری ہے اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق سیاسی اور پرامن سفارتی ذرائع سے حل کیا جانا چاہئے۔ امریکہ سپر پاور ہے اور اسے جنوبی ایشیائی خطے میں امن اور کشمیریوں کی آزادی کیلئے کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ایک دن رائے شماری کا حق حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے بھارت اور پاکستان کو چاہئے کہ وہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دینے کا اہتمام کریں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے طویل عرصہ تک رائے شماری کا انتظار کیا ہے اب یہ اقوام عالم کی ذمہ داری ہے کہ کشمیر میں جاری حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں کو رکوانے کیلئے اقدامات کریں اور اقوام متحدہ کی قردادوں کے مطابق فوری طور پر کشمیر کا مسلہ حل کیا جائے انہوں نے کہا کہ تشویش کی بات یہ ہے کہ انسانی حقوق کے علمبردار عالمی اداروں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی موجودگی میں کشمیری عوام پر ظلم ہو رہا ہے، بین الاقوامی طاقتوں، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کشمیری عوام پر ظلم وستم کا نوٹس لیں اور انہیں ان کی مرضی سے جینے کا حق دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاسی طور پر عدم استحکام کا شکار ہے اور اس باعث تحریک آزادی کشمیر کی سرگرمیاں بہت متاثر ہوئی ہیں اس لیے کشمیری عوام کو خود امریکہ اور برطانیہ کے اندر اپنی سرگرمیاں تیز تر کرنا ہوں گی۔
یورپ سے سے مزید