• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد میں دھرنے کی کال، ڈی چوک سے جماعت اسلامی کے 5 کارکن گرفتار

فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے دھرنے اور پی ٹی آئی کے احتجاج کی کال کے بعد ریڈ زون اور راولپنڈی سے دارالحکومت آنے والے راستے کنٹینر لگاکر جزوی طور پر بند کردیے گئے جبکہ جماعت اسلامی کے 5 کارکنان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ترجمان جماعت اسلامی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایکسپریس چوک سے جماعت اسلامی کے کارکنان کو گرفتار کرنا شروع کر دیا گیا ہے، دھرنے کے لیے پہنچنے والے قافلے سے 5 کارکنان کو حراست میں لیا گیا ہے۔

جماعت اسلامی کے ترجمان نے کہا ہے کہ کارکنوں کی گرفتاری کی پرزور مذمت کرتے ہیں، حکومت ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے پرامن مظاہرین کو اشتعال دلا رہی ہے، حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اسلام آباد کا امن خراب کرنا چاہتی ہے، کارکنان کو فی الفور رہا نہ کیا گیا تو حالات کی ذمہ دار حکومت ہو گی۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے احتجاج اور جماعت اسلامی کی دھرنے کی کال:

پاکستان کے شہرِ اقتدار اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے دھرنے اور پاکستان تحریکِ انصاف کے احتجاج کی کال پر ریڈ زون اور راولپنڈی سے دارالحکومت آنے والے راستے کنٹینر لگا کر جزوی طور پر بند کر دیے گئے۔

فیض آباد کے مقام پر راولپنڈی جانے والا راستہ کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔

مری روڈ پر چاندنی چوک اور سکستھ روڈ پر بھی کنٹینر پہنچادیے گئے۔

ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ بجلی کے بھاری بلوں اور مہنگائی کے خلاف دھرنا ضرور ہو گا، قافلے اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہیں۔

ایسے میں امیرِ جماعت حافظ نعیم الرحمٰن اور نائب امیر لیاقت بلوچ بھی اسلام آباد میں موجود ہیں۔

جماعتِ اسلامی نے لیاقت بلوچ کے گھر چھاپے میں دو ملازمین، لاہور، گجرات، وہاڑی، سرگودھا، حافظ آباد اور فیصل آباد سے متعدد کارکنان کو حراست میں لیے جانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

یاد رہے کہ دوسری جانب تحریکِ انصاف نے بانیٔ پی ٹی آئی، گرفتار کارکنوں کی رہائی اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔

قومی خبریں سے مزید