خیرپور(بیورورپورٹ) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی ہدایت پر کمشنر سکھر محمد عباس بلوچ سیکریٹری آبپاشی سید ظہیرحیدر شاہ او ر ڈپٹی کمشنر فیاض حسین عباسی نے محکمہ آبپاشی کے انجنیئروں امتیاز میمن اور سید فیاض حسین شاہ کے ہمراہ دریائے سندھ کے الرا جاگیر بند ،گڑھی پٹھان بند،پریالو زیرو پوائنٹ بند،فرید آباد بند،ایس ایم سگیوں بند اور دیگر بچاؤ بند وں کا ہنگامی دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے دریائے سندھ میں ممکنہ سیلاب اور مون سون کی زیادہ بارشوں کی پیشگوئی پر کمشنر سکھر محمد عباس بلوچ سیکریٹری آبپاشی سید ظہیر حیدر شاہ ڈپٹی کمشنر خیرپور فیاض حسین عباسی کو مقامی آبپاشی انجنیئروں کی ٹیم کے ہمراہ دریائے سندھ کے بچاؤ بندوں کا ہنگامی بنیادوں پر دورہ کرنے اور حساس بندوں کو مضبوط کرنے کا حکم دیا تھا جس پر کمشنر سکھر محمد عباس بلوچ سیکریٹری آبپاشی اور دیگر افسران کے ہمراہ خیرپور میں دریائے سندھ کے الرا جاگیر ،ایس ایم سگیوں بند اور دیگر بندوں پر پہنچ کر بچاؤبندوں کے متعلق آبپاشی افسران سے بریفنگ لی سپرنٹنڈنگ انجنیئر امتیا ز میمن اور ایگزیکٹو انجنیئرسید فیاض حسین شاہ نے اپنی بریفنگ میں کمشنر اور سیکریٹری کو بتایا کہ الرا جاگیر بند کو مضبوط کر نے کے لئے دو لاکھ کیوبک فٹ پتھر موجود ہے جبکہ مزید دو لاکھ پتھر منگوایا جائے گا انہوں نے بتایا کہ الر ا جاگیر بند کو مضبوط کرنے کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔ کمشنر محمد عباس بلوچ اور سیکریٹری آبپاشی ظہیر حیدر شاہ نے حکم دیا کہ تمام کام 15روز کے اندر مکمل کیا جائے اور مکمل کئے جانے والے کام کی رپورٹ دی جائے۔ بچاؤ بندوں کے دورے کے دوران مقامی لوگوں کی شکایت پر سیکریٹری آبپاشی نے گڑھی پٹھان بند کے داروغے کو فوری طو ر پر معطل کر دیا۔ بعدازاں کمشنر سکھر محمد عباس بلوچ نے نمائندہ جنگ کو بتایا کہ خیرپور ضلع میں دریائے سندھ کے بائیں کنارے کے حساس بچاؤ بندوں کومضبوط کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ خیرپور کے علاوہ گھوٹکی اور سکھر کے علاقوں کے حساس بند بھی مضبوط کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ممکنہ سیلاب کے پیش نظر پاک آرمی،نیوی اور اسکاؤٹس کے جوانوں کی بھی مدد حاصل کی جائے گی اور سیلابی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنےکے لیے مطلوبہ کشتیوں کا بھی بندو بست کیا جائے گا جبکہ سیلابی علاقوں میں بیماریوں سے بچاؤ کے بھرپور اقدامات کئے جائیں گے۔