• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں ٹیکسوں کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج و دھرنا

فوٹو سوشل میڈیا
فوٹو سوشل میڈیا

مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں ٹیکسوں کے خلاف جماعت اسلامی نے مری روڈ راولپنڈی، زیرو پوائنٹ اسلام آباد، چونگی نمبر 26 کے باہر احتجاج کیا۔

جماعت اسلامی نے لیاقت باغ راولپنڈی میں دھرنا دے دیا، جبکہ آئی ایٹ پل سے دھرنا ختم کر دیا، آئی ایٹ دھرنے کے شرکاء اب لیاقت باغ دھرنے کے شرکاء سے ملیں گے، جماعت اسلامی نے مطالبات نہ ماننے تک واپس جانے سے انکار کردیا۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان دھرنے کی قیادت کر رہے ہیں۔

راستوں کی بندش سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کنٹینرز کی وجہ سے راولپنڈی اسلام آباد کے راستوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔

اسلام آباد پولیس نے ڈی چوک کو سیل کردیا اور پارلیمنٹ ہاؤس جانے والے راستے بند کردیے، جماعت اسلامی کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ جاری ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریڈ زون حساس علاقہ ہے، کسی کو احتجاج کی اجازت نہیں ہے۔

اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے جماعت اسلامی کے متعدد کارکنوں حراست میں لے لیا گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی راولپنڈی کا کہنا ہے کہ ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، راستے بند کر دیے گئے، مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔

حکومت کی جماعت اسلامی کو مذاکرات کی پیشکش

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا حکومت جماعت اسلامی سے مذاکرات کرنے کو تیار ہے، جماعت اسلامی کو لیاقت باغ میں جلسہ یا دھرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اس وقت لاکھوں نان فائلر کو فائلر بنانے کے لیے سسٹم لایا جارہا ہے، بجلی بلوں پر 50 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔

قومی خبریں سے مزید