امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمت کم اور تنخواہ دار کا سلیب ختم کیا جائے، آئی پی پیز کا فارنزک آڈٹ اور پیٹرول پر لیوی کم کی جائے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’جرگہ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آئی پی پیز عوام کا خون نچوڑ رہی ہیں، کئی آئی پی پیز اپنی لاگت سے 10 گنا زیادہ کما چکیں، کئی آئی پی پیز چل ہی نہیں رہیں، کسی کو 25، کسی کو 28 اور کسی کو 10 ارب مل رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سینیٹ کمیٹی نے پانچ آئی پی پیز کا بتایا جنہوں نےجعل سازی کی ہوئی تھی، جس آئی پی پی نے جعل سازی کی ہوئی ہے اسے پکڑیں فارنزک آڈٹ کریں۔
امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ 70 سے 80 فیصد آئی پی پیز مقامی ہیں، نیت درست ہو تو سب قابو آ سکتے ہیں۔