راولپنڈی کے علاقے ڈھیری حسن آباد کے علاقے میں بیٹوں نے بزرگ والدین پر تشدد کر کے انہیں گھر سے نکال دیا۔
پولیس نے بزرگ خاتون کی درخواست پر ایکشن لیتے ہوئے چاروں بیٹوں کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان میں کاشف، ثاقب، عاطف اور علی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق تھانہ سول لائن میں بزرگ خاتون کی مدعیت میں چاروں بیٹوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مدعیہ کے مطابق میرے بیٹوں نے ہم پر تشدد کیا اور گھر سے باہر نکال دیا، چاروں بیٹے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیتے ہیں۔
سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے بزرگ والدین پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیا ہے۔
سی پی او راولپنڈی نے ایس پی پوٹھوہار سے معاملے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
سی پی او کے مطابق والدین سے ناروا سلوک ناقابل تصور اور افسوسناک ہے، ملزمان کو چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔