• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دعائیں اسماعیل ہنیہ کے خاندان کیلئے ہیں، عوام فلسطینیوں کے ساتھ ہے، ذلفی بخاری

ذلفی بخاری---- فائل فوٹو
ذلفی بخاری---- فائل فوٹو

تحریک انصاف کے رہنما ذلفی بخاری نے کہا ہے کہ ہماری دعائیں اسماعیل ہنیہ کے خاندان کیلئے ہیں، پاکستانی عوام فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

اپنے ایک بیان میں ذلفی بخاری نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کے قتل نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور اسرائیل کے تنازع کو بڑھانے کے ارادے کو بے نقاب کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیرملکی سر زمین پر قتل ایران کی خود مختاری کی خلاف ورزی ہے، اس عمل سے اسرائیل نے جنگ بندی کی اپنی تجویز کو ٹکڑے ٹکڑے کردیا ہے۔

ذلفی بخاری نے کہا کہ اسرائیل اپنے مفادات کے لیے بین الاقوامی قوانین کو نظر انداز کرتا ہے، 7 اکتوبر کے بعد سے اسرائیل نے غزہ میں خواتین اور بچوں پر ظلم کیا، اسرائیل اپنی غیر متناسب جارحیت میں اضافہ چاہتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے۔

وہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ایران گئے تھے۔

حماس کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ تہران میں اسرائیلی حملے میں اسماعیل ہنیہ شہید ہوئے، حملے میں ان کا ایک محافظ بھی شہید ہوا ہے۔

قومی خبریں سے مزید