کراچی کے علاقوں آئی آئی چندریگر روڈ، صدر اور اطراف میں رات کو بارش ہوئی۔ جس کے بعد ایمپریس مارکیٹ اور پاسپورٹ آفس کے قریب بارش کا پانی جمع ہوگیا۔
شہر میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہو رہی ہے۔ پیپلز چورنگی، نیو ایم اے جناح روڈ پر بوندا باندی ہو رہی ہے۔
ادھر لاہور کے مختلف علاقوں اور بھمبر آزاد کشمیر میں بھی بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے آج سے 6 اگست کے دوران ملک بھر میں شدید مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
اسلام آباد، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بھی بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان میں جمعہ اور گلگت بلتستان میں ہفتے کی رات سے بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
گزشتہ روز بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش ہوئی۔ لسبیلہ، واشک اور قلعہ سیف اللّٰہ اور قلات میں سیلابی ریلوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔
مانسہرہ میں مہانڈری کے مقام سے پل بہہ جانے سے شاہراہِ کاغان بند، نئے سیاحوں کے وادی کاغان آنے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔