امریکی معروف ریپر و گلوکار کارڈی بی نے اپنے شوہر، آفسیٹ سے طلاق لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنے یہاں تیسرے ننھے مہمان کی متوقع آمد سے متعلق اعلان کیا ہے۔
بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکارہ کارڈی بی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر اپنے یہاں تیسرے مہمان کی آمد سے متعلق خوشخبری شیئر کی ہے۔
دوسری جانب انہوں نے اپنے شوہر، آفسیٹ کے مبینہ معاشقے کی تصدیق بھی کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کارڈی بی نے اپنے سوشل میڈیا پر طلاق سے متعلق کوئی بات نہیں کی ہے مگر اُن کے قریبی ذرائع کے مطابق گلوکارہ شوہر آفسیٹ سے طلاق کے لیے کورٹ میں درخواست دائر کر چکی ہے۔
یاد رہے کہ گلوکارہ کارڈی بی نے ستمبر 2017ء میں چپکے سے گلوکار و ریپر آفسیٹ سے شادی کی تھی۔
یہ جوڑا گزشتہ 7 برسوں سے ایک ساتھ ہے، کارڈی اور آفسیٹ کے دو بچے، ایک بیٹی اور بیٹا بھی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 2020ء میں بھی کارڈی بی نے آفسیٹ سے اختلافات اور جھگڑوں کے سبب طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا تاہم ان کے درمیان تنازعات حل ہو گئے تھے اور ان کی شادی ختم ہونے سے بچ گئی تھی۔
اب حال ہی میں گلوکارہ نے دوبارہ شوہر کے مبینہ افیئر کے سبب طلاق کے لیے درخواست دائر کی ہے۔