• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نادیہ خان کی ہانیہ عامر پر یوٹرن کی وضاحت

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

نادیہ خان نے ہانیہ عامر کے معاملے پر یوٹرن کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ دلجیت دوسانجھ کے مؤقف نے دل جیت لیا۔

پاکستانی ٹی وی میزبان اور اداکارہ نادیہ خان ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئیں، اس بار موضوع بنا ان کا ہانیہ عامر کی فلم سردار جی 3 سے متعلق یوٹرن۔

نادیہ خان ان دنوں دو بڑے چینلز پر پروگرامز کی میزبانی کر رہی ہیں، وہ ہمیشہ سے اپنی بے باک رائے اور دو ٹوک انداز کے لیے جانی جاتی ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے وضاحت کی کہ میں اب بھی پاکستانی فنکاروں کے بھارت میں کام کرنے کے خلاف ہوں کیونکہ جہاں عزت نہ ہو، وہاں کام نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ نادیہ خان نے ہانیہ عامر پر یوٹرن لے لیا، اصل بات یہ ہے کہ ہمیں معلوم ہوا کہ دلجیت دوسانجھ نے فلم سے ہانیہ کو نہیں نکالا، جبکہ فلم بھارت کے علاوہ دنیا بھر میں ریلیز ہوئی ہے۔

نادیہ خان نے کہا کہ دلجیت دوسانجھ کا یہ قدم دل جیت لینے والا ہے، ہم سب پاکستانیوں کو چاہیے کہ ایسے فنکار کو خوش آمدید کہیں جس نے پاکستانی فنکار کے لیے اسٹینڈ لیا ہو۔

انہوں نے بھارتی انڈسٹری کے تضادات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ماہرہ خان، ماورا حسین اور فواد خان جیسے فنکاروں کے پراجیکٹس کو روک دیا گیا یا ان کے نام ہٹا دیے گئے، لیکن دلجیت دوسانجھ نے اپنے عمل سے یہ ثابت کیا کہ وہ فن اور فنکار کی عزت کرتا ہے۔

نادیہ خان نے واضح کیا کہ ان کی رائے میں تبدیلی ہانیہ کی نہیں بلکہ دلجیت کے مؤقف کی بنیاد پر ہوئی ہے ان کا کہنا ہے کہ دل بدلنا نہیں، حقیقت کو تسلیم کرنا یو ٹرن نہیں ہوتا، بلکہ وقت کے ساتھ ساتھ بہتر انداز میں چیزوں کو دیکھنا عقلمندی ہے۔

نادیہ خان کی اس وضاحت پر سوشل میڈیا پر ملے جلے ردعمل دیکھنے کو ملے ہیں، کچھ نے ان کے مؤقف کی حمایت کی تو کچھ نے انہیں غیر مستقل مزاج قرار دیا، البتہ بیشتر لوگوں نے دلجیت کے رویے کو مثبت اور قابلِ ستائش قرار دیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید