ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
حیدرآباد، خیرپور، نواب شاہ، سیہون، جامشورو، بھان سعید آباد اور دادو میں نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔
پنجاب کے شہروں جہلم، میانوالی، گجرات، سیالکوٹ، رحیم یار خان اور حافظ آباد میں بھی بارش ہوئی۔ برساتی پانی گھروں اور کھیتوں میں داخل ہوگیا۔
خیبر پختونخوا کے علاقوں لوئر دیر، باجوڑ، مالاکنڈ اور سوات میں بھی بارش ہوئی۔ تیز بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی، سندھ میں کئی نہروں کے بند ٹوٹنے سے نقصان پہنچا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کرک میں سیلابی ریلے میں بہنے والے 4 افراد کے ورثاء کےلیے مالی امداد کا اعلان کردیا۔
سندھ کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث نہروں میں شگاف پڑگئے، ٹنڈوآدم کی روہڑی کینال میں 100 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے پانی آبادیوں میں داخل ہوگیا، علاقہ مکین نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں۔
خیرپور میں 3 مقامات پر نہروں میں شگاف پڑنے سے فصلیں شدید متاثر ہیں، بارش کے باعث شگاف پُر کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔