کراچی میں گورنر ہاؤس کے باہر جماعت اسلامی کے دھرنے کے دوران دلچسپ صورتِ حال پیدا ہوگئی، کارکنوں نے گورنر ہاؤس میں لگا فریادی کا گھنٹہ بجا دیا۔
جماعت اسلامی کے کارکنوں نے گھنٹہ بجانے کے بعد شکایت لگادی کہ کل سے گورنر صاحب نے بارش میں پکوڑے کھلانے کا وعدہ کیا تھا، اب تک پکوڑے نہیں آئے۔
کل کے پکوڑے تو نہیں آئے لیکن آج صبح گورنر صاحب کی جانب سے دھرنا مظاہرین کو چائے پراٹھے کا ناشتہ کروایا گيا۔
مظاہرین کی فرمائش پر انہيں پیش کی گئی منرل واٹر کے غیر ملکی برانڈ کی بوتلیں واپس لے لی گئیں اور پاکستانی برانڈ کا منرل واٹر دیا گیا۔
اس سے پہلے گذشتہ رات دھرنا مظاہرین کے نام پیغام میں گورنر سندھ نے کہا تھا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لیے کھل چکے ہیں، بجلی کے بلوں کے ستائے مظاہرین کو گورنر سندھ نے آئی ٹی کی عمارت میں رات گزارنے کی پیش کش بھی کی، کہا وہاں اے سی لگے ہیں، آپ کو گرمی بھی نہيں لگے گی۔