نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کی خام خیالی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کا حق خودارادیت ختم کردے گا۔
اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں یوم استحصال کشمیر ریلی سے خطاب میں کہا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر سے متعلق فیصلہ دنیا کو قبول نہیں، شہبازشریف کی حکومت دنیا بھر میں کشمیری عوام کا مقدمہ لڑ رہی ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے غزہ اور کشمیر کا مقدمہ پوری دنیا میں بھرپور طریقے سےاٹھایا، آج سے 5 سال قبل جو کام بھارت نے کیا وہ غیر آئینی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئن بنتے ہیں جمہوریت کے تو عالمی اداروں کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دیں، بھارت کے ناپاک عزائم ہیں کہ مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان کا کشمیریوں سے بندھن علاقائی، مذہبی ہے، او آئی سی نے اسلامو فوبیا پر اپنا ایک نمائندہ مقرر کردیا ہے، کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور ایک دن ضرور پاکستان میں شامل ہوگا۔