• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیر پور :سندھ میں کرپشن کے خلاف سیکڑوں افراد کی احتجاجی ریلی

خیرپور(بیورورپورٹ) سندھ میں کرپشن کے خلاف کنب ٹاؤن سے درگاہ محمود شاہ تک 25کلو میٹر طویل احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت سماجی رہنما تنویر وسان کر رہے تھے۔ ریلی میں سیکڑوں افراد شامل تھے جو اپنے ہاتھوں میں بڑے بڑے بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر کرپشن کا خاتمہ کرو،کرپشن میں ملوث منتخب ارکان اسمبلی کو سیاست سے نااہل کرو،کرپشن کرنے والوں کو احتساب کے کٹہڑے میں لاؤ ،کرپٹ افسر شاہی اور کرپٹ جیالا شاہی کو مثالی سزائیں دو اور دیگر نعرے درج تھے۔ ریلی میں شریک افراد گاڑیوں میں سوار تھے۔ انہوں نے درگاہ محمود شاہ پہنچ کر درگاہ کے سامنے کرپشن کے خلاف شدید نعرے بازی کی بعدازاں محمود شاہ اسٹاپ پر جلسہ کیا سماجی رہنما تنویر وسان نے جلسے سے خطاب کر تے ہوئے کہاکہ سندھ میں 8بر س سے کرپشن جاری ہے کرپشن کرنے والوں نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں کرپشن کی وجہ سے سندھ کی معیشت بیٹھ گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 8برس کے دوران میرٹ کی پامالی کی گئی نوکریاں رشوت پر دی گئیں محکمہ تعلیم کا بیڑا غرق کر دیا گیا۔ محکمہ صحت تباہی کے کنارے پہنچایا گیا جبکہ دیگر تمام محکمے جیالے شاہی کی لوٹ کھسوٹ کی وجہ سے تباہ ہو چکے ہیں۔ تنویر وسان نے کہاکہ سندھ کے ہر محکمے میں کرپشن دیکھ کر وہ احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکلے ہیں وہ احتجاجی ریلیوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن میں ملوث افسر شاہی اور جیالا شاہی کی تمام املاک ضبط کی جائیں کرپشن کے مقدمات چلانے کے لیے خصوصی ٹربیونل بنائے جائیں۔ کرپشن میں ملوث ارکان اسمبلی کو سیاست سے ہمیشہ کے لیے نااہل کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ کرپٹ عناصر کے خلاف احتساب کرنے والے نیب ،ایف آئی اے اور دیگر اداروں کو مزید متحرک کر کے احتسابی عمل کو تیز کیا جائے۔ کرپشن راج کے خلاف ریلی میں مختلف برادریوں کے لوگ اور سماجی تنظیموں کے بڑی تعداد میں کارکن شریک تھے ۔
تازہ ترین