• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارشد ندیم بمقابلہ نیرج چوپڑا: پاکستانی کرکٹرز ارشد ندیم کی جیت کیلئے پُر امید





پیرس اولمپکس میں آج پاکستانی جیولین تھرور ارشد ندیم گولڈ میڈل کے لیے میدان میں بھارتی جیولین تھرور نیرج چوپڑا کا سامنا کریں گے۔

قومی کرکٹرز نے ارشد ندیم کی اولمپکس میں کامیابی کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر موجود اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔

اس ویڈیو میں کرکٹر شان مسعود نے ارشد ندیم کو فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ’ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں اور ہم آپ کی کامیابی کا کافی بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں‘۔

اُنہوں نے کہا کہ انشاء اللّٰہ، ہمیں پوری امید ہے کہ آپ پاکستان کے لیے میڈل لے کر آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ کی جتنی تعریف کروں کم ہے، آپ ہمارے لیے ایک رول ماڈل ہیں، انشاء اللّٰہ، ہمیں پوری امید ہے کہ 8 اگست کو پاکستان کا پرچم بلند ہوگا اور آپ میڈل کے پوڈیم پر کھڑے ہوں گے۔

کرکٹر سعود شکیل نے کہا کہ میری طرف سےارشد ندیم کو فائنل راؤنڈ میں پہنچنے پر بہت مبارک ہو اور امید ہے کہ آپ پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ارشد ندیم فائنل میں پہنچ گئے ہیں اور میری نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں اور باقی سب لوگ بھی دعا کریں کہ وہ کھیل کا اختتام کامیابی پر کریں اور گولڈ میڈل لے کر وطن واپس آئیں۔

فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا کہ ارشد ندیم کے فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرنے پر قوم کو فخر ہے، وہ پاکستان کے بہترین ایتھلیٹ ہیں، ہماری دعائیں ان کے ساتھ ہیں اور جس دلیری کے ساتھ وہ کھیل رہے ہیں تو امید ہے کہ وہ گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

کرکٹر سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، عمر گل نے بھی ارشد ندیم کو فائنل راؤنڈ میں کوالیفائی کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے ان کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید