انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے رانی پور میں پِیر کے تشدد سے ملازمہ کی ہلاکت کے کیس میں نامزد ملزمان پر فردِ جرم عائد کر دی۔
صوبہ سندھ کے شہر خیرپور کے قریب واقع گاؤں رانی پور میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعے پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے ملازمہ تشدد و ہلاکت کیس میں نامزد ملزم پیر اسد شاہ، حنا شاہ، پیر فیاض شاہ اور امتیاز میراثی پر فردِ جرم عائد کر دی۔
بعد ازاں مقدمے کی سماعت 12 اگست تک ملتوی کر دی گئی،
کیس کی اگلی سماعت میں گواہان کے بیانات قلم بند کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 14 اگست کو رانی پور کی حویلی میں 10 سالہ ملازمہ، بچی فاطمہ کی مبینہ تشدد سے ہلاکت ہوئی تھی۔
قتل کیس میں پیر اسد شاہ، فیاض شاہ، حنا شاہ اور کمپاؤنڈر فیاض بطور مرکزی ملزمان نامزد ہیں۔
کمسن ملازمہ کے قتل کا کیس انسداد دہشت گردی خیرپور کی عدالت میں زیر سماعت ہے۔
گزشتہ سال ’جیو نیوز‘ پر معاملہ سامنے آنے کے بعد مرکزی ملزم اسد شاہ کو گرفتار کر لیا گیا تھا، بچی کی موت سے قبل اس کی تڑپنے کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی۔