وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے جیویلن کھلاڑی، ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی گئی ہے۔
مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل ہی نہیں قوم کے دل بھی جیت لیے ہیں، ارشد ندیم نے اولمپکس میں 92.97 میٹر تھرو کا ریکارڈ قائم کر کے اپنی برتری ثابت کر دی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ارشد ندیم مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گولڈ میڈل جیت کر ارشد ندیم نے ثابت کر دیا کہ ’ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی۔‘
علیم خان نے کہا ہے کہ اولمپکس میں ارشد ندیم نے گولڈ میڈل اور تھرو میں نئے ریکارڈ سے قوم کو فخر دلایا، میاں چنوں کے سپوت ارشد ندیم نے پوری دنیا کو چت کر کے یہ ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔
گورنر کے پی کے فیصل کنڈی کی ندیم ارشد کو مبارک باد:
گورنر فیصل کنڈی نے ارشد ندیم کے گولڈ میڈل جیتنے پر کہا ہے کہ اولمپکس فائنل میں گولڈ میڈل حاصل کرنا قوم کے لیے بڑا اعزاز ہے، ارشد ندیم کی عمدہ کارکردگی نے دنیا میں ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی ریکارڈ اور گولڈ میڈل حاصل کرنا ارشد ندیم کی محنت کا نتیجہ ہے، قوم اولمپکس مقابلوں میں سبز ہلالی پرچم سر بلند ہونے کا جشن منا رہی ہے۔