وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جتنی سیاست اولمپکس، ہاکی اور فٹبال میں ہے اتنی ہم سیاستدان نہیں کرتے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں خواجہ آصف نے کہا کہ ارشد ندیم نے قوم کا سر بلند کیا ہے اور 3 دہائیوں کے بعد پاکستان کو گولڈ ملا، جس طرح بے سرو سامانی میں ہمارے ہیروز جدوجہد کرتے ہیں وہ ہم سب کو معلوم ہے
خواجہ آصف نے کہا کہ اولمپکس کے چیئرمین بوڑھے ہوگئے مگر جان نہیں چھوڑتے۔
اس پر ایوان میں آواز آئی کہ وہ جان چھوڑ گئے، ہمارے یہاں جو اولمپکس کے ادارے ہیں جو یہاں بیٹھ جاتا ہے وہ بیٹھ ہی جاتا ہے
اس پر خواجہ آصف بولے کہ چلیں مبارک ہو انہیں بھی میڈل دے دیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی سی بی کے سوا کسی کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں، ہاکی کی یہ حالت ہے کہ کہیں ایک دوسرے کو ہی ہاکیاں نہ مارنے لگ جائیں، فٹ بال کی صورتحال بھی ایسی ہی ہے، وہاں سے پیسے آتے ہیں یہاں ہڑپ ہوجاتے ہیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ کہتے ہیں کہ فٹ بال کا اسٹڈیم بنایا تھا وہ سیلاب میں بہہ گیا۔