دفترِ خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ ایران کو شاہین تھری میزائل دینے کی رپورٹس غلط ہیں، اس نازک صورتِ حال میں غلط اور فیک نیوز سے بچنا چاہیے۔
ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا ہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں پاکستان نے کشمیریوں کے لیے یومِ استحصال منایا۔
ان کا کہنا ہے کہ او آئی سی اجلاس ایران اور فلسطین کی درخواست پر بلایا گیا تھا، اجلاس نے اسرائیلی بربریت اور جارحانہ منصوبوں کی مذمت کی، ڈپٹی وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے اقوامِ متحدہ، عالمی رہنماؤں اور او آئی سی کو خطوط بھیجے۔
دفترِ خارجہ کی ترجمان کے مطابق امریکا میں گرفتار شخص سے متعلق امریکی حکام سے رابطہ کیا ہے، گرفتار شخص کی شہریت کی تصدیق اور امریکی جواب کے بعد کوئی بات کریں گے۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان انسدادِ دہشت گردی اور سیکیورٹی امور پر متعدد چینلز موجود ہیں، امریکی کانگریس میں بل کو نوٹ کیا ہے، اس بل میں پاکستان کی جانب غیر ضروری اشاروں کا نوٹس لیا ہے۔
ترجمان دفترِخارجہ نے کہا کہ دوست ممالک کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے، پاکستان امریکا سے اچھے تعلقات رکھتا ہے، امید رکھتے ہیں کہ امریکی کانگریس پاک امریکا تعلقات میں بہتری کے لیے کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم برطانیہ میں واقعات کو دیکھ رہے ہیں، برطانوی وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ تشدد میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان اسماعیل ہانیہ کے قتل کی مذمت کرتا ہے، ہم غزہ سے محاصرہ اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہیں، مشرقِ وسطیٰ میں جنگ سے بہر صورت بچا جائے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ یو اے ای کے ساتھ ہمہ جہتی تعلقات ہیں، پاکستانی شہریوں کے لیے یو اے ای کی جانب سے ویزا پابندی نہیں ہے، لبنان میں موجود پاکستانیوں کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم خطے میں صورتِ حال کا جائزہ لے رہے ہیں، تقریباً 100 کے قریب پاکستانی طلبہ ابھی تک بنگلا دیش میں ہیں، پاکستانی ہائی کمیشن بنگلا دیش میں پاکستانی طلبہ سے رابطے میں ہے۔