قومی اسمبلی میں ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنےکی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
اولمپکس میں ریکارڈ بنانے اور ملک کا نام روشن کرنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم کی کامیابی پر حکومت اپوزيشن سب خوشیاں منا رہے ہیں۔
قومی اسمبلی میں قومی ہیرو کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی، جس میں ارشد ندیم کو اعلیٰ ترین ایوارڈ سے نوازنے کی سفارش کی گئی ہے۔
وفاقی وزير قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں قرار داد پیش کی۔ بلاول بھٹو زرداری، خواجہ آصف اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے بھی شاندار الفاظ میں ارشد ندیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
دوسری جانب کراچی کی ایک تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے ارشد ندیم کے کارنامے کو سراہا ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے جیولین تھرو کے لیجنڈ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس تاریخ رقم کرتے ہوئے پاکستان کے لیے 40 سال بعد گولڈ میڈل جیت لیا تھا۔
انہوں نے اولمپکس کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کر کے یہ اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔