ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) اسپورٹس بورڈ پنجاب پرویز اقبال نے کہا ہے کہ آج رات فاتح پیرس اولمپک فخر پاکستان ارشد ندیم کا شاندار استقبال ہو گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز اقبال نے کہا کہ صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر ارشد ندیم کا لاہور ایئر پورٹ پر استقبال کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ارشد ندیم کے والد، بھائی اور بہنیں بھی ان کا لاہور ایئر پورٹ پر استقبال کریں گے، 100 کے قریب عزیز و اقارب بھی استقبال کریں گے۔
پرویز اقبال کا کہنا ہے کہ اسپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے ارشد ندیم کے والد، بھائیوں اور بہنوں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں.
ڈی جی اسپورٹس بورڈ پنجاب نے کہا کہ بورڈ کی جانب سے ارشد ندیم کے عزیز و اقارب کے لیے ٹرانسپورٹ اور قیام و طعام کا بہترین انتظام کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا ہے۔ یہ انفرادی مقابلوں میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل بھی ہے۔
ارشد ندیم نے اولمپکس کی تاریخ کی سب سے بڑی و لمبی 92.97 میٹر کی تھرو کر کے اولمپک ریکارڈ اور ایشیا ریکارڈ قائم کیے۔
انہوں نے جیولین تھرو کے فائنل راؤنڈ میں 2 بار 90 میٹر کا حدف عبور کر کے اولمپکس کی 116 سالہ تاریخ رقم کی۔