• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جرنیلوں اور بیورو کریٹس نے ملک کا نظام سنبھال لیا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ


چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا ہے کہ جرنیلوں اور بیورو کریٹس نے ملک کا نظام سنبھال لیا ہے۔

مارگلہ نیشنل پارک میں کمرشل سرگرمیوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے ریمارکس دیے کہ جرنیلوں اور بیورو کریٹس نے ملک کا نظام سنبھال لیا ہے، آپ کو علم ہی نہیں کہ کیا چل رہا ہے، بیوروکریٹس عوام کی نہیں کسی اور کی خدمت کر رہے ہیں، ملک صاحبوں کےلیے نہیں عوام کےلیے بنا ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ  نے کیس کی سماعت کے دوران سیکریٹری کابینہ کے وزیراعظم کو ’صاحب‘ کہنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غلامی کی زنجیریں توڑ دیں، وزیراعظم صاحب نہیں ہوتا۔

عدالت کو سیکریٹری کابینہ کامران افضل نے بتایا کہ نیشنل پارک وزارت داخلہ کو دینے کی سمری انہوں نے نہیں بھیجی تھی، وزیراعظم نے خود حکم جاری کیا تھا جو ان تک پہنچا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ نیشنل پارک سے ہم ریسٹورنٹس نکال رہے تھے یہاں تو ہاؤسنگ سوسائٹیاں نکل آئی ہیں۔

عدالت نے سماعت 15 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے چیئرمین کیپٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، کابینہ ڈویژن اور وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کے سیکریٹریز کو طلب کرلیا۔

سپریم کورٹ نے سی ڈی اے سے منصوبے کا مکمل ریکارڈ بھی مانگ لیا۔

اٹارنی جنرل نے چیئرپرسن وائلڈ لائف رینا سعید کی برطرفی کے حکم پر بھی عمل نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

قومی خبریں سے مزید