• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

کراچی میں صبح سویرے بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا، شہرِ قائد کے بڑے حصے میں کہیں ہلکی، کہیں تیز بارش جاری ہے۔

ماری پور روڈ، لیاری، شارع فیصل، شاہ فیصل کالونی، ملیر، گلشنِ جمال، گلستانِ جوہر، راشد منہاس روڈ پر وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔

کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہرِ قائد میں مغرب کی سمت سے 19 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 94 فیصد ہے۔

ادھر لاہور میں بادل کھل کر برسے، کئی علاقوں میں تیز بارش سے جل تھل ایک ہو گیا، مسلسل تیسرے روز بادل برسنے سے گرمی میں کمی آئی ہے۔

اسلام آباد میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

پشاور میں بھی رات میں بارش کے بعد موسم خوش گوار ہو گیا۔

ادھر مردان کے علاقے پارہوتی میں بارش سے گھر کی چھت گر گئی،جس کے ملبے تلے دب کر 5 افراد زخمی ہو گئے، جنہیں ریسکیو اہلکارں نے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔

بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ اور اس کے گرد و نواح میں مطلع صاف، موسم خشک اور معتدل ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے جبکہ قلات، خضدار، ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، سبی اور خضدار میں بارش کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات نے آج چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں متعدد مقامات پر بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

قومی خبریں سے مزید