وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اقلیتوں کا پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں کلیدی کردار ہے۔
اقلیتوں کے حقوق کے قومی دن پر پیغام جاری کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اقلیتی برادری کو ملکی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کا کردار نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ حکومت امتیازی سلوک کے خاتمے اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر قانون برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ 11 اگست کو ہم قائد اعظم محمد علی جناح کے سنہری الفاظ یاد کرتے ہیں، انہوں نے فرمایا کہ آپ آزاد ہیں، آپ اپنے مندروں میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ قائد اعظم نے فرمایا آپ اپنی مساجد میں جانے کے لیے آزاد ہیں، اس ریاست میں کسی بھی عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں، آج ہم ہر پاکستانی کے لیے بنیادی حقوق کی برابری اور رسائی یقینی بنانے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی اقلیتوں کی تمام شعبوں میں نمائندگی اور ان کی شراکت پر بے پناہ فخر محسوس کرتے ہیں، اقلیتی برادری کی شمولیت ہماری عزم کو مضبوط کرتی ہے، ہماری رواداری کا یہ عنصر ہمارے قومی پرچم میں خوبصورتی سے ظاہر ہوتا ہے۔
علاوہ اقلیتوں کے قومی دن پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عدلیہ، افواج، تعلیم، صحت اور تمام شعبوں میں اقلیتوں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ ہمارا مذہب بھی اقلیتوں کو ہر لحاظ سے تحفظ اور معاشرتی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔