• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم ملکی معیشت کی بہتری میں کردار ادا کرسکتے ہیں، فضل الرحمان


جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی-ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم ملک کی معیشت کی بہتری کےلیے کردار ادا کرسکتے ہیں۔

پشاور میں تاجر کنونشن سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امن اور بہتر معیشت ترجیحات ہونی چاہیے، سب کو یکجا کرنا انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسان کی جان و مال اور عزت کا حق قانون سازی کے گرد گھومتا ہے، پہلے قانون سازی انسانی حقوق پر ہوتی تھی، کوئی کسی کی حق تلفی کرے تو مدوا کیسے ہوگا؟

جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا کہ ملک انتہائی نازک حالات سے گزر رہا ہے، ملک کی معیشت بہتر کرنے کےلیے جمعیت آواز اٹھاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وطن پر نظر ڈالیں کیا امن اور معیشت ہے؟ آج ملک میں کیا ہو رہا ہے خود دیکھ لیں، خطے میں اگر کوئی ملک ڈوب رہا ہے تو وہ ہمارا ملک ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ اسمبلی میں لوگ ایسے بیٹھے ہیں جو عوام کےلیے نہیں سوچتے، پارلیمنٹ میں عوام کے جعلی نمائندے بیٹھے ہیں حقیقی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیا پاکستان میں 77 سالوں میں ہمارے طور طریقے بدلے ہیں؟ ٹیکس پر ٹیکس لگ رہے ہیں ہم کیوں ٹیکس ادا کریں۔

جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ لوگوں کو پتہ ہے کہ ہمارا ٹیکس باہر قرضوں کی ادائیگی میں جائے گا، ملک اس طرح نہیں چلتے ملک سیاستدان چلاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف سانس لینے پر ٹیکس نہیں ہے، خزانہ کا قلمدان اسے دیا جاتا ہے جو باہر سے درآمد ہوتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید