متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم )پاکستان کے سینئر رہنما سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ہمیں اپنا پارٹنر سمجھے۔ اگر متحدہ اپنے علاقوں سے ہار گئی تو پیپلز پارٹی اور متحدہ کے مخالفین جیتیں گے۔ کراچی میں امن ہے تو اس کی وجہ ایم کیو ایم پاکستان ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کے علاقے لیاقت آباد مارکیٹ کا ٹیکس پورے لاہور سے زیادہ ہے۔ بلوچستان اور کے پی میں لاء اینڈ آرڈر کا مسئلہ ہے۔ کراچی کے لوگوں نے را کے تسلط کو ختم کروا دیا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ کراچی میں دس دس افراد کو ہدف بنایا جاتا تھا، کراچی میں امن ہے تو اس کی وجہ ایم کیو ایم پاکستان ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے امن میں قانون نافذ کرنے والوں کے کردار کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ 40 سال سے قانون نافذ کرنے والے ادارے کراچی میں تھے، دیرپا امن قائم نہیں ہو رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آٹھ سو سے زائد لڑکے بازیاب کروائے ہیں۔ ایک سو سات لڑکے تاحال لاپتہ ہیں۔ وفاقی حکومت کو کہتا ہوں آپ سے لڑنا نہیں چاہتے اچھے کام کریں گے تو تعریف کریں گے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو بتانا چاہتا ہوں جن علاقوں سے ہم جیتے ہیں آپ وہاں سے نہیں جیت سکتے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیں اپنا پارٹنر سمجھے۔ اگر متحدہ اپنے علاقوں سے ہار گئی تو پیپلز پارٹی اور متحدہ کے مخالفین جیتیں گے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی کے نوجوانوں کے کوٹے پر کوئی اور نوکری کرتا ہے۔ پاکستان بنانے والوں کی اولاد ہیں اس ملک کو بہتر کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔