2009 میں کوک اسٹوڈیو سے شہرت حاصل کرنے والے میوزک بینڈ ’زیب اینڈ حنیا‘ سے وابستہ معروف پاکستانی گلوکارہ اور گٹارسٹ حنیا اسلم انتقال کر گئیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر گلوکارہ زیبنسا المعروف زیب بنگش نے مختلف انسٹااسٹوری شیئر کرتے ہوئے اپنی کزن حنیا اسلم کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔
خاندانی ذرائع نے حنیا اسلم کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گلوکارہ کا انتقال گزشتہ شب دل کا دورہ پڑنے سے ہوا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ گلوکارہ کی نمازِ جنازہ آج شام ساڑھے 5 بجے پرایچ 8 اسلام آباد کے پرانے قبرستان میں ادا کی جائے گی۔
حنیا اسلم اور ان کی کزن زیب بنگش نے مل کر میوزک بینڈ ’زیب اینڈ حنیا‘ کی بنیاد 2007 میں رکھی تھی، انہوں نے 2008 میں کوک اسٹوڈیو کے سیزن 2 میں اپنے گانے’پیمانہ‘ سے شہرت حاصل کی۔
تاہم حنیا 2014 میں موسیقی کوچھوڑ کر تعلیم مکمل کرنے کے لیے کینیڈا منتقل ہوگئیں تھی۔
بعدازاں انہوں نے 2016 میں کینیڈا سے ہی اپنے سولو کیرئیر کا آغاز کیا پھر پاکستان واپس آنے کے بعد انہوں نے مختلف فلموں میں بطور کمپوزر اپنی خدمات انجام دیں۔