بالی ووڈ کے کئی معروف اداکار ایسے ہیں جنہوں نے کیریئر بنانے کے لیے اپنی پڑھائی چھوڑ دی۔
بھارتی فلم انڈسٹری کے ان نامور اداکاروں نے یہ ثابت کیا کہ اپنے ہنر سے روایتی ڈگری حاصل کیے بغیر بھی کام کرنے کے مواقع اور کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔
سلمان خان نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے کے لیے ممبئی کا سینٹ زیویئر کالج چھوڑ دیا تھا۔
اُنہوں نے 1988ء میں فلم ’بیوی ہو تو ایسی‘ کے ذریعے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا اور اپنے کامیاب شوبز کیریئر کا آغاز کیا۔
کرینہ کپور خان نے ممبئی کے مٹھی بائی کالج سے کامرس کی تعلیم حاصل کرنا شروع کی لیکن پھر کالج چھوڑ کر اداکاری کا ایک شارٹ کورس کرنا شروع کر دیا اور پھر اپنی تعلیم مکمل کیے بغیر ہی جلد ایک کامیاب اداکارہ بن گئیں۔
بالی ووڈ کے ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ کہلانے والے عامر خان نے فلم انڈسٹری میں آنے کے لیے نرسی مونجی کالج چھوڑا اور اپنے کیریئر کی پہلی فلم ’قیامت سے قیامت تک‘ سے ہی شہرت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
دیپیکا پڈوکون نے بنگلور کے ماؤنٹ کارمل کالج سے آرٹس کی ڈگری مکمل کرنے کے بجائے ماڈلنگ اور اداکاری کا انتخاب کیا اور یہ فیصلہ ان کے زندگی میں ایک اہم موڑ بن گیا۔
رنبیر کپور میٹرک کرنے کے بعد فلم میکنگ میں ڈگری حاصل کرنے بیرونِ ملک گئے لیکن اپنی تعلیم مکمل کیے بغیر بھارت واپس آ گئے اور فلم ’ساوریا‘ سے بالی ووڈ میں ڈیبیو دے دیا۔
اداکارہ ریکھا نے بھی اپنی تعلیم مکمل کیے بغیر 14 سال کی عمر میں فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تھا، وہ ایک کامیاب اداکارہ بن گئیں اور بغیر رسمی تعلیم حاصل کیے بہت کچھ کمایا۔
ارجن کپور کو میٹرک کے بعد آگے تعلیم حاصل کرنے میں دلچسپی نہیں تھی، انہوں نے نرسی مونجی کالج میں داخلہ تو لیا لیکن تعلیم مکمل نہیں کی اور فلم ’عشق زادے‘ سے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا۔