• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصل آباد میں مسیحی خاتون سے زیادتی، صوبائی وزیرِ اقلیتی امور نے نوٹس لے لیا

صوبائی وزیرِ اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ—فائل فوٹو
صوبائی وزیرِ اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ—فائل فوٹو

صوبائی وزیرِ اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے فیصل آباد میں جوڑے سے زیادتی کے واقعے کا فوری نوٹس لے لیا۔

صوبائی وزیرِ اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے اس حوالے سے سی پی او سے رابطہ کر کے ملزمان کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے سی پی او کو متاثرہ خاتون اور مرد کو تحفظ دینے کی ہدایت بھی کی ہے۔

صوبائی وزیرِ اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے ہدایت کی ہے کہ متاثرہ خاتون کا طبی معائنہ کرایا جائے اور انہیں بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

انہوں نے ہدایت کی ہے کہ واقعے کی تفصیلی رپورٹ 48 گھنٹوں میں پیش کی جائے۔

صوبائی وزیرِ اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کا کہنا ہے کہ مذہبی اقلیتوں کا تحفظ ہر حال میں یقینی بنائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز فیصل آباد میں دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات کے دوران شادی شدہ مسیحی خاتون کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا تھا۔

فیصل آباد پولیس نے اس حوالے سے 2 نامعلوم ڈاکوؤں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق تھانہ ساندل بار کے علاقے میں چک 34 ج ب کی رہائشی فیملی جا رہی تھی کہ دن دہاڑے موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے پہلے شوہر سے نقدی اور موبائل فون چھینا جس کے بعد ایک ڈاکو نے اس کی بیوی کو کھیتوں میں لے جا کر مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا۔

دوسرا ملزم شوہر اور اس کی سالی پر اسلحہ تانے پہرا دیتا رہا۔

پولیس نے تھانہ ساندل بار میں دو نامعلوم ملزمان کے خلاف ڈکیتی اور زیادتی کی دفعات کےتحت مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

قومی خبریں سے مزید