معروف بھارتی گلوکار کمار سانو نے پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان کے لیے گانا گانے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرتی خبروں پر وضاحتی بیان دے دیا۔
کمار سانو نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر عمران خان کے لیے گانا گانے سے متعلق پھیلی تمام خبروں کی تردید کردی ہے۔
اُنہوں نے بھارتی میڈیا پر شائع خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ’میں اس بات کی وضاحت کرنا چاہتا ہوں کہ میں نے پاکستان کے سابق وزیراعظم کے لیے کبھی کوئی گانا نہیں گایا‘۔
بھارتی گلوکار نے لکھا کہ’ فیس بک پر گردش کرنے والی آڈیو میں میری آواز نہیں ہے بلکہ اسے اسے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کیا گیا ہے‘۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ’کچھ لوگ مجھے بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اسی لیے میں اپنے مداحوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ آڈیو جعلی ہے‘۔
کمار سانو نے لکھا کہ’یہ ٹیکنالوجی کا سنگین غلط استعمال ہے اور میں بھارتی حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اے آئی اور ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے اس انداز میں ہونے والے غلط استعمال کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے‘۔