کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر جوہر قندھاری نے کہا ہے کہ دو ہاتھیوں کی جنگ میں کراچی کی صنعت نقصان اٹھا رہی ہے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب میں صدر کاٹی نے کہا کہ شہر قائد کے ساتھ جانبدارانہ رویہ ختم کیا جائے، سرکار کہتی ہے کےالیکٹرک (کے ای) سبسڈی دے کر ہم سے لے لے۔
انہوں نے کہا کہ 3 سال بجٹ میں یہ رقم مختص ہوتی رہی ہے، دو ہاتھیوں کی جنگ میں کراچی کی صنعت نقصان اٹھارہی ہے۔
جوہر قندھاری نے مزید کہا کہ کےالیکٹرک کی مہنگی بجلی کا 1 اعشاریہ 52 روپے یونٹ سرچارج بھی کراچی کی صنعت اورصارف ادا کر رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ کے ای 3600 روپے آر ایل این جی سے مہنگی ترین بجلی بنا رہی ہے، صنعت کار بھاری چارجز سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
صدر کاٹی نے یہ بھی کہا کہ کےالیکٹرک ایک ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گریڈ سے لیتا ہے اس کی ادائیگی بھی کرتا ہے۔ دیگر ڈسکوز کے قرض کے پیسے کے الیکٹرک صارفین سے 3 اعشاریہ 23 روپے یونٹ وصولی ظلم ہے۔
جوہر قندھاری نے کہا کہ نیپرا ٹربیونل میں فروری 2022 میں گئے تھے، ٹربیونل نے 11 جولائی 2024 کو صنعت کاروں کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے پیسے فوری جاری کیے جائیں، کے ای کا بل ٹیکس جمع کرنے کا ذریعہ بن گیا ہے۔