سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وہ ستمبر تک ملک میں ٹیکنوکریٹ حکومت بنتی ہوئی دیکھ رہے ہیں۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے ٹیکنوکریٹ حکومت کیلئے انٹرویوز شروع ہوچکے ہیں، 20 ستمبر تک ٹیکنوکریٹ حکومت آجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کسی کو ایکسٹینشن نہیں دیں گے، حکومت کی کارکردگی خاک ہوچکی ہے، شہباز شریف کو کوئی نہیں پوچھ رہا، جو کچھ ہونے جا رہا ہے وہ بہت برا ہے، جو لوگ جیتے ہیں ان کو پلاننگ کے تحت لایا گیا ہے حکومت اپنا سامان باندھ رہی ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ ان کا گیٹ نمبر چار سے جنم جنم کا رشتہ تھا اس کے باوجود 40 دن کا چلا لگوایا گیا، میرا 40 کلو وزن کم ہوا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ کبھی نہیں سوچا تھا گیٹ نمبر 4 والے مجھے اٹھا کر لے جائیں گے، میری گزارش ہے کہ عام معافی کا اعلان کیا جائے۔