انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) راولپنڈی نے بشریٰ بی بی سے مقدمات کی تفتیش 7 دن میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
اے ٹی سی راولپنڈی کے جج ملک آصف نے بشریٰ بی بی کی 9 مئی کے 12 مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ تفتیشی افسران ملزمہ بشری بی بی سے مقدمات کی تفتیش7 دنوں میں مکمل کریں۔
فیصلے مزید کہا گیا کہ ملزمہ کے خلاف صداقت عباسی، عمر تنویر بٹ اور واثق قیوم عباسی کے 164 کے بیانات موجود ہیں۔
عدالت نے دوران سماعت کہا کہ 12 مقدمات میں ملزمہ کی گرفتاری کو باضابطہ طور پر ظاہر نہیں کیا گیا، کسی ایسے شخص کو ضمانت نہیں دی جاسکتی، جو عدالت میں موجود نہیں۔
فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ ملزمہ کو توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتارکیا گیا، وہ اڈیالہ جیل میں قید ہیں، ملزمہ توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں بھی گرفتار ہیں۔
عدالت نے کہا کہ ملزمہ کی31 جنوری 2024 کو گرفتاری ڈالی گئی تھی، اسپیشل پراسیکیوٹر نے ملزمہ کی درخواست ضمانت پر بھی اعتراض اٹھایا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ عدالت نے ملزمہ کی درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے کر نمٹادی ہیں۔