پاکستان کے 78ویں یوم آزادی پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ پوری قوم تحریک پاکستان کے گمنام ہیروز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، ان ہیروز نے ایک آزاد مملکت کے قیام کے لیے انتھک جدوجہد کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہمارے اسلاف کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر ابھرا، گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران پاکستان نے اہم سنگ میل عبور کیے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات اور معاشی و سماجی مشکلات کے ذریعے پاکستانی قوم کی ہمت اور استقامت کا امتحان لیا گیا، پاکستان کی غیور و بہادر قوم کے عزم اور اتحاد کا جذبہ ہمیشہ غالب رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے کلیدی کردار کو سراہتا ہوں، مجھ سمیت پوری قوم کو آپ کی محنت اور کامیابیوں پر فخر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری مسلسل توجہ پاکستان کی اقتصادی ترقی اور معاشی استحکام پر مرکوز ہے، وسیع قدرتی وسائل اور نوجوان افرادی قوت ہمارا حقیقی اثاثہ اور سب سے بڑی طاقت ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم وسیع پیداواری استعداد کے حامل شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، اس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور صنعت کاری کی رفتار تیز ہوگی، ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں بین الاقوامی معیار کی تعلیم اور ہنر کی فراہمی شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے پورے ایکو سسٹم کو ڈیجیٹائز کرنے کی بذاتِ خود نگرانی کر رہا ہوں، پاکستان کے ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کی قومی مہم کی بھی خود نگرانی کر رہا ہوں، مختصر عرصے میں ترقی و خوشحالی کے لیے ہماری کوششوں کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئےہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملکی معیشت استحکام کی طرف گامزن ہے، بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں، قوم جلد نتائج دیکھےگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر اپنی مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتا ہوں، افواج پاکستان ہماری سرحدوں اور خودمختاری کی حفاظت کرتی ہیں، افواجِ پاکستان کا ہر قسم کی قربانی دینے کا جذبہ انتہائی احترام اور تعریف کا مستحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے بہادر بہن بھائیوں کو بھی یاد کرتے ہیں، غیور کشمیری 7 دہائیوں سے اپنے حق خودارادیت کے لیے برسر پیکار ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی مکمل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھےگا، پاکستان فلسطینیوں کی بھی ان کے جائز حقوق کے حصول تک حمایت جاری رکھے گا۔