وزیراعظم شہباز شریف کو کمیٹی نے ہنگامی بنیادوں پر بھرتیوں پر مکمل پابندی عائد کرنے کی سفارش کردی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت حکومتی ڈھانچے کے حجم اور اخراجات میں کمی سے متعلق اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، محمد اورنگزیب، رانا تنویر حسین، احد چیمہ، وزیر مملکت شزا فاطمہ، علی پرویز ملک اور ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان نے شرکت کی۔
اس موقع پر وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ سے متعلق بنائی گئی کمیٹی نے تجاویز پیش کیں۔
اجلاس کے دوران کمیٹی نے وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان اور وزارت سرحدی امور کو ضم کرنے کی تجویز دی۔
دوران اجلاس 5 وزارتوں میں موجود 28 اداروں کو مکمل بند کرنے کی تجویز اور 5 وفاقی وزارتوں میں اصلاحات اور 1 لاکھ 50 ہزار کے قریب خالی اسامیاں ختم کرنے کی سفارشات پیش کی گئیں۔
تجویز میں کہا گیا کہ وزارتیں ختم یا ضم کرنے سے گریڈ 1 سے 16 تک متعدد اسامیاں بتدریج ختم کی جاسکیں گی۔
دوران اجلاس کمیٹی نے ہنگامی بنیادوں پر بھرتیوں پر مکمل پابندی عائد کرنے کی سفارش بھی کی۔
شرکاء سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی اخراجات میں کمی ہماری ترجیح ہے، ادارہ جاتی اصلاحات کا مقصد قومی خزانے پر بوجھ کم کرنا اور عوام کو سہولت دینا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کارکردگی نہ دکھانے والے اور قومی خزانے پر بوجھ اداروں کو ختم یا ان کی نجکاری کی جائے، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی خود نگرانی کروں گا۔