کراچی گہرے بادلوں کی لپیٹ میں ہے، جس کی وجہ سے شہر کا موسم خوش گوار ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں صبح سویرے بارش ہوئی ہے۔
لانڈھی، قائد آباد، ملیر ہالٹ، رفاہِ عام، ڈیفنس، کورنگی اور دیگر علاقوں میں بارش ہوئی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی سے تیز بارش کا امکان ہے، شہرِ قائد میں بارش برسانے والا سسٹم اب بھی موجود ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج مطلع ابر آلود رہے گا اور دن میں تیز ہوائیں چلیں گی۔
شہر میں موجودہ درجۂ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں سمندری ہواؤں کی رفتار 15 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ تک تجاوز کر سکتی ہے ، شہر کی فضا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ہے۔
ٹریفک پولیس نے اس حوالے سے شہریوں کےلیے ہدایات جاری کی ہیں کہ شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہورہی ہے، شہری دورانِ ڈرائیونگ اسپیڈ کم رکھیں اور اگلی گاڑی سے فاصلہ زیادہ سے زیادہ رکھیں۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہےکہ اچانک بریک لگانے سے گریز کریں، روڈ گیلا ہونے کے سبب پھسلن ہو سکتی ہے۔
ٹریفک پولیس نے یہ بھی کہا ہے کہ موٹر سائیکل والے حضرات سڑک کی بائیں سائیڈ استعمال کریں۔