سندھ حکومت نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے فی یونٹ بجلی پر ریلیف دینے کے مطالبے پر ردعمل دیا ہے۔
سندھ حکومت کے ترجمان ارسلان اسلام شیخ اور سعدیہ جاوید نے گورنر سندھ کی پریس کانفرنس پر الگ الگ بیانات میں جواب دیا ہے۔
ارسلان شیخ نے کہا کہ گورنر سندھ صوبے میں وفاق کی نمائندگی کر رہے ہیں، بجلی ٹیرف کا معاملہ وفاق کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاق کے نمائندے کی حیثیت سے گورنر سندھ صوبے کو حق دلوانے کےلیے اپنا کردار ادا کریں۔
سعدیہ جاوید نے کہا کہ گورنر سندھ کی بےتکی باتیں اور پوائنٹ اسکورنگ ملک اور قوم کےلیے سود مند نہیں ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں کو ریلیف دینے کےلیے گورنر سندھ کو وزیراعظم سے مطالبہ کرنا چاہیے۔