وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حقائق مسخ نہ کیے جائیں بجلی بلوں پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
کابینہ اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے اقدامات کی وجہ سے مہنگائی میں کمی ہورہی ہے، عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے اسٹاف لیول کا معاہدہ ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس ریونیو کو جمع کرنے کےلیے دن رات محنت کرنی ہو گی، وفاق نے پی ایس ڈی پی میں 50 ارب کی کٹوتی کر کے3 ماہ کےلیے بجلی کے بلوں میں ریلیف دے رکھا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ 200 یونٹ تک استعمال کرنے والے پورے پاکستان میں اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، وفاق پاور سیکٹر کے مسائل حل کےلیے دن رات کوشاں ہے۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے 200 یونٹ سے 500 یونٹ استعمال کرنے والوں کو ریلیف دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ریلیف کےلیے پنجاب کی حکومت نے اپنے ترقیاتی فنڈ سے 45 ارب روپے مختص کیے، اس میں وفاق کا کوئی حصہ نہیں ہے، یہ مکمل ریلیف حکومت پنجاب نے دیا ہے۔ باقی صوبے بھی آگے آئیں اور اپنے عوام کو ریلیف دیں، بعض جگہوں سے ایسی بات سننے کی ملی، جس سے افسوس ہوتا ہے
اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب نے شفاف طریقے سے اپنے فنڈر سے ریلیف دیا ہے، وفاق کا اس سے کوئی لینا دنیا نہیں ہے، خیبرپختونخوا اور باقی صوبے بھی ریلیف دیں ہمیں اس کی خوشی ہوگی۔
شہباز شریف نے کہا کہ بجلی بلوں میں ریلیف پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے، ہمیں حقائق کو مسخ نہیں کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کی طرح ہم کوئی قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے عالمی سطح پر پاکستان کو نقصان ہو۔