سندھ میں زراعت کی بہتری کے ورلڈ بینک کے پراجیکٹ میں کرپشن کی تحقیقات مکمل کر لی گئیں۔
ورلڈ بینک کے سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر ہدایت اللّٰہ 41 کروڑ روپے سے زائد کے اخراجات میں بے قاعدگیوں کے مرتکب قرار پائے گئے ہیں۔
ہدایت اللّٰہ محکمۂ زراعت سندھ کے سابق افسر اور ورلڈ بینک کے سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر تھے۔
چیف سیکریٹری سندھ نے سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر ہدایت اللّٰہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کر دی۔
اس حوالے سے سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ محکمۂ زراعت سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر ہدایت اللّٰہ کی پنشن سے رقم وصول کرائے، رقم وصولی کے لیے بورڈ آف ریونیو کے ذریعے سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر کی املاک ضبط کی جائیں۔
چیف سیکریٹری سندھ نے کہا ہے کہ معاملہ مزید کارروائی کے لیے سندھ اینٹی کرپشن کو بھیجا جائے، محکمۂ قانون اور سندھ اینٹی کرپشن ہدایت اللّٰہ سے رقم وصولی کا طریقہ بنائے۔
انہوں نے کہا کہ محکمۂ زراعت سندھ اور محکمۂ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کے ذریعے ورلڈ بینک سے رابطہ کر کے معاملہ حل کرائے، وزیرِ اعلیٰ معائنہ ٹیم 15 روز میں تحقیقات کر کے ملوث دیگر افسران اور ٹھیکیداروں کا تعین کرے۔
دوسری جانب سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر ہدایت اللّٰہ چھجڑو نے انکوائری میں تمام الزامات غلط قرار دیے ہیں۔
واضح رہے کہ ورلڈ بینک کے سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر کے خلاف تحقیقات وزیرِ اعلیٰ معائنہ ٹیم اور غیرسرکاری آڈٹ فرم نے کیں۔
عوامی منصوبے میں کروڑوں روپے کی بےقاعدگی پر ورلڈ بینک حکام نے تحفظات اور ناراضی کا اظہار کیا تھا۔
ورلڈ بینک نے معاملے کی تحقیقات غیرسرکاری آڈٹ فرم سے کرانے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔