لاہور میں 3 پولیس اہلکاروں نے نوجوان کو غیر قانونی حراست میں رکھ کر قتل کر دیا، پولیس نے 2 اہلکاروں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللّٰہ تارڑ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ فیصل ٹاؤن سے 33 سالہ نوجوان فرخ ارشد کے اغواء کے بعد قتل میں ملوث 2 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قتل میں ملوث برطرف ڈولفن اہلکار فرار ہے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللّٰہ تارڑ نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ کانسٹیبل منعظم نے اچھرہ کے علاقے میں خفیہ طور پر فلیٹ کرائے پر لیا ہوا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ ملزم 2 ساتھی اہلکاروں اعجاز اور حمزہ کے ساتھ مقتول نوجوان فرخ کو اغواء کر کے فلیٹ لے گیا جہاں اس سے رقم کی ڈیمانڈ کی گئی۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللّٰہ تارڑ نے بتایا کہ فرخ نے بھاگنے کی کوشش کی تو ملزمان اسے پکڑنے کے لیے اس کے پیچھے بھاگے، اس دوران مقتول نے پلازہ کی چھت سے چھلانگ لگا دی اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم منعظم نے فرخ کا موبائل اور بٹوا شاہدرہ میں کہیں اور پھینک دیا تھا۔