لاہور کے علاقے باٹا پور میں تاوان کے لیے اغواء کی گئی معصوم بچی کو قتل کر دیا گیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق 5 سال کی فجر کو گلا دبا کر قتل کیا گیا، پھر لاش جنگل میں پھینک دی گئی۔
پولیس نے بتایا ہے کہ بچی کی لاش کی باقیات مل گئی ہیں اور ملزم کاشف کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، وہ بچی کے گھر کے سامنے رہتا تھا اور اس کے والد کا دوست تھا۔
پولیس کے مطابق بچی کے والد راشد نے ملزم کو کاروبار کے لیے 10 لاکھ روپے ادھار دے رکھے تھے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ ملزم نے بچی کو 10 اگست کی شام اغواء کیا اور اسی روز قتل کر دیا، وہ بچی کے والد سے تاوان کے لیے رقم کا مطالبہ کرتا رہا۔
پولیس کے مطابق بچی کے کپڑے اور سر کے بال برآمد کر کے فرانزک کو بھجوا دیے گئے ہیں، اس کے علاوہ بچی کی ہڈیاں اور خون آلود کپڑے بھی ملزم کی نشاندہی پر برآمد کر لیے گئے ہیں۔