• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران بس حادثے کے شہداء کی میتیں لیکر ایئر فورس کا طیارہ پاکستان روانہ

فوٹو: رائٹرز
فوٹو: رائٹرز

ایران بس حادثے میں جاں بحق افراد کی میتیں لے کر ایئر فورس کا سی ون 30 طیارہ پاکستان روانہ ہوگیا۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بس حادثے کے شہداء کی میتیں ایران سے پاکستان روانہ کردی گئیں، میتیں لے کر آنے والے سی 130 جہاز نے پاکستانی وقت کے مطابق 6 بجے اڑان بھری، طیارہ رات 10 بجے کے قریب جیکب آباد پہنچے گا۔

زائرین کی میتوں کی وطن روانگی سے قبل یزد ہوائی اڈے پر تعزیتی تقریب ہوئی، تقریب میں یزد کے گورنر، مقامی حکام اور پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے  شرکت کی۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ میتیں رات 10 سے 11 بجے کے درمیان ورثاء کے حوالے کیے جانے کا امکان ہے، میتوں کے ہمراہ کچھ زخمی بھی پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

 ایمبولینسوں کے ذریعے میتیں آبائی علاقوں میں روانہ کی جائیں گی، زخمیوں کو ایئر ایمبولینس میں کراچی منتقل کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان سے ایران روانہ ہونے والی زائرین کی بس کو گزشتہ دنوں حادثہ پیش آیا تھا، جس میں 51 افراد سوار تھے، حادثے میں 28 زائرین جاں بحق اور 23 زخمی ہوئے، 14 زائرین کی حالت تشویشناک ہے، زائرین میں سے زیادہ تر کا تعلق لاڑکانہ سے ہے۔

 وزیراعلیٰ سندھ نے ایران حادثے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے خاندانوں کی مالی امداد کا اعلان کیا۔ 

شہداء کے ورثاء کو 50، 50 لاکھ اور زخمیوں کو 10، 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید